منگلورو29؍اکتوبر(ایس او نیوز) الال پولیس اسٹیشن کی حدود میں بستی پاڈی نامی مقام پر ایک خاندان کے لوگوں پر پٹرول بم سے حملہ کیا گیا۔جس میں تاراناتھ یادو پانجی کوڈی (۵۸سال) نامی شخص جھلس گیا ہے ۔ اور زخموں کے علاج کے لئے اسے اسپتال میں داخل کیا گیا ۔جبکہ تاراناتھ کی بیوی ودیا (۴۵سال) اور بیٹا متھن کو کوئی چوٹ نہیںآئی ہے۔کہا جاتا ہے کہ رات کے وقت روشن دان(وینٹی لیٹر) سے گھر کے اندر پٹرول بم پھینکا گیا اورتاراناتھ نے خود جھلسنے کے بعد بھی بڑی حاضر دماغی سے اپنی بیوی اوربیٹے کو کسی نقصان سے بچالیا۔
اس حملے کے لئے گانجہ فروشی میں ملوث مافیا پر شبہ کیا جارہا ہے۔کیونکہ تاراناتھ ایک سوشیل ورکر ہے اور اپنے علاقے میں گانجہ فروشی کے خلاف اس کی سرگرمیاں چلتی رہتی ہیں۔ شاید اسے ایسی سرگرمیوں سے باز رکھنے کے لئے گانجہ فروشوں کی طرف سے یہ حملہ کیا گیا ہے۔تارا ناتھ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ وزیر غذا یو ٹی قادر کا گہرا دوست ہے۔ اس پر حملے کی اطلاع ملتے ہی یو ٹی قادر نے اسپتال پہنچ کر خیریت دریافت کی اور پولیس کو ہدایت کی کہ ملزموں کو فوری گرفتار کرنے کی کوشش کریں۔
الا ل پولیس اسٹیشن میں کیس درج کردیا گیا ہے۔